غریبوں کی اولادوں سے روزگار کے نام پر حکومتی ادارے لوٹ مار میں مصروف ہیں

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) غریبوں کی اولادوں سے روزگار کے نام پر حکومتی ادارے لوٹ مار میں مصروف ہیں۔ روزگار پالیسی تبدیل کرتے ہوئے ہر گھرانے کے ایک پڑھے لکھے نوجوان کو تعلیم کے مطابق نوکری دی جائے۔

شہریوں نے روزگار کے سلسلہ میں این ٹی ایس اور دیگر نظام امتحانات کو غیر معیاری اور جانبدار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ادارے میں نئی آسامیوں کے موقعہ پر اشتہارات میں این ٹی ایس اور دیگر کمیشنوں کو لازمی قرار دینے سے غریب اور سفارش نہ رکھنے والے افراد کی حق تلفی ہورہی ہے جبکہ سیاسی افراد بھی چیلوں اور چہیتوں کو نوازنے میں مصروف ہیں۔

بار بار امتحانات میں شمولیت کے بعد بھی کسی نوکری کے حصول میں کامیاب نہ ہونے والے نوجوانوں کی بڑی تعداد نے روزگار کے موجودہ طریقہ کار پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ارباب اختیار و اقتدار سے مطالبہ کیا ہے کہ ہر گھر کے ایک پڑھے لکھے جوان کو سرکاری محکموں میں تعلیمی قابلیت کے مطابق نوکری دی جائے تا کہ نوجوانوں میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہو۔