خیر پور (جیوڈیسک) سندھ سرکار نے وزیر اعلیٰ کے آبائی شہر خیرپور کے 109 سال پرانے تاریخی اسکول کا سودا کر دیا۔
صحت کے بعد سائیں سرکار کی نا اہل انتظامیہ نے اپنی توپوں کا رخ تعلیم کی طرف کر دیاہے، سندھ کے 100سالہ تاریخی قدیم ناز پبلک سیکنڈری اسکول کو فروخت کر کے ایک غیر سرکاری تنظیم کے حوالے کرنیکا معاہدہ طے پا گیا، یہ وہی سکول ہے جس میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سمیت کئی سیاستدانوں نے تعلیم حاصل کی۔
64 ایکڑ اراضی پر قائم اس تاریخی اسکول کا سنگ بنیاد 1906 میں رکھا گیا تھا۔ یہاں 2300 طلبہ زیر تعلیم ہیں جنھیں 100 سے زائد اساتذہ پڑھاتے ہیں لیکن محکمہ تعلیم کو نہ جانے کیا سوجھی کہ ایسے تعلیمی ادارے کو 10 کروڑ کے عوض 3 سال کیلیے ایس ایم بک نامی تنظیم کو فروخت کر دیا گیا،ا سکول کی فروخت کا اعلان کیاگیا نہ کوئی اشتہار دیاگیا، اساتذہ اور طلبہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس تاریخی اسکول کو اس کی اصل حالت میں برقرار رہنے دیا جائے۔