لاہور (جیوڈیسک) قومی کرکٹر ناصر جمشید اور راحت علی ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے آسٹریلیا روانہ ہو گئے۔
جیند خان اور محمد حفیظ کی جگہ قومی سکواڈ میں شامل کئے جانے والے ناصر جمشید اور فاسٹ بولر راحت علی لاہور سے براستہ دبئی آسٹریلیا روانہ ہو گئے۔ علامہ اقبال ائیر پورٹ پر روانگی سے قبل دونوں کھلاڑیوں نے میڈیا سے بات کی۔
گزشتہ سال وہ خراب پرفارمنس کی وجہ سے اچھا نہیں کھیل سکے تھے لیکن وہ اس وقت اچھی فارم میں ہیں اور ورلڈ کپ میں اچھا کھیل پیش کر کے عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے ماضی کی طرح بھارت کے خلاف اچھی پرفارمنس دکھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
ناصر جمشید نے 45 ایک روزہ میچز میں تین سنچریاں سکور کر رکھی ہیں۔ انہوں نے تینوں سنچریاں بھارت کے خلاف سکور کی ہیں۔ فاسٹ بائولر جنید خان کی جگہ ٹیم میں شامل راحت علی بھی عالمی کپ میں اچھی پرفارمنس دکھانے کے لیے پرامید نظر آئے۔
انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ان کی حکمت عملی ہر مخالف کھلاڑی کو آؤٹ کرنے کی ہو گی۔ راحت علی ایک روزہ کرکٹ کیریر میں واحد ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں۔