کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ ترقی اور خوشحالی ہمارا ویژن ہے قائد تحریک محترم الطاف حسین کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے عوامی تعاون کے ذریعے شہر کے چپے چپے کو ترقی سے ہمکنار کرکے علاقائی سطح پر عوام کو درپیش مسائل سے نجات دلا ئیں گے۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے افسران کے ہمراہ اپواء کوارٹر شاہ فیصل کالونی نمبر 1 دورہ کرکے علاقائی سطح پر درپیش مسائل اور عوامی شکایات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اپواء کوارٹر کے مکینوں نے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری کو درپیش فراہمی و نکاسی آب ،بلدیاتی اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے مسائل بیان کئے اس موقع پرعلاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نے اپواء کوارٹر کے مکینوں کو یقین دلا تے ہوئے کہاکہ درپیش مسائل سے نجات دلا نے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
اس موقع پر عوامی شکایات سننے کے بعد رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیہ کورنگی کے افسران کو احکامات دیتے ہوئے کہاکہ ترجیحی بنیادوں پر اپواء کوارٹر کے مکینوں کو فراہمی و نکاسی آب ،صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات سمیت دیگر بلدیاتی مسائل سے چھٹکارہ دلانے کے اقدامات کریں انہوں نے علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہاکہ ایم کیو ایم بلا تفریق عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔
عوامی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے قائد تحریک محترم الطاف حسین کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے عوامی سہولیات کی فراہمی پر مامور اداروں کے باہمی تعاون کے ذریعے علاقائی ترقی اور عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے شب روز کوشاں ہیں اور انشا اللہ عوام کو خوشحال معاشرے کی فراہمی کو یقینی بنا ئیں گے بعد ازاں رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے علاقائی سطح پر درپیش عوامی مسائل کا جائزہ لیا اور عوام سے مسائل سننے کے بعد متعلقہ محکموں کے افسران کو شکایات کے فوری ازالے کے احکامات دیئے۔