نابلس (جیوڈیسک) فلسطینی مقبوضہ مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی فوج اور پولیس کی چھاپہ مار کارروائیوں میں جنین اور نابلس سے 8 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق گرفتاریاں نابلس میں بلاطہ پناہ گزین کیمپ اور جنین میں سالم اسرائیلی فوجی کیمپ کے قریب سے کی گئیں۔ گرفتار ہونےوالوں کی عمریں17 سے 22 سال کے درمیان ہیں۔ اور انہیں سالم فوجی کیمپ کے زیرانتظام ایک جیل میں منتقل کردیا گیا ہے۔
ادھر اسرائیل کی سالم نامی فوجی عدالت نے 4 فلسطینیوں کو جیل بھجوانے کا حکم دیا ہے اور ان پر بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیم کلب برائے اسیران کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زیرحراست فلسطینی شہری محمد بشیر مطقطوق کو 21 ماہ قید باج مشقت کی سزا اور تین ہزار شیکل جرمانہ کیا گیا ہے۔
نابلس ہی کے ایک دوسرے کارکن ابو شمط کو 15ماہ قید اور 5, 5 ہزار شیکل جرمانہ کی سزا سنائی گئی ہے۔ اسیر سعید مروان کو 5 ماہ قید اور 2 ہزار شیکل جرمانہ جبکہ رامی شریدہ کو 12 ماہ قید اور 5 ہزار شیکل جرمانہ کیا گیا۔