نیو جرسی میں خراب موسم کے باعث ٹریفک حادثات، ایک شخص ہلاک

New Jersey Traffic Accidents

New Jersey Traffic Accidents

نیو جرسی (جیوڈیسک) امریکی ریاست نیو جرسی میں موسلا دھار بارش کے بعد شدید سردی نے ڈیرہ ڈال رکھا ہے۔ نیو جرسی کے جنوب مغربی علاقے میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص ہلاک جبکہ درجنوں گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔

حادثہ پھسلن کے باعث پیش آیا جس میں ایک بس، متعدد ٹریکٹر ٹرالر اور پندرہ گاڑیاں بری طرح تباہ ہوگئیں۔ بوسٹن میں ایک ماہ کے دوران ڈیڑھ میٹر تک برف پڑ چکی ہے۔ شہر کے تمام سنوفارمز برف سے بھر چکے ہیں۔

سڑک کنارے برف کے پہاڑ جمع ہیں۔ برف کے ڈھیروں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانا بھی مسئلہ ہے۔ حکام کے مطابق بڑے جنریٹرز کی مدد لینے پر غور کیا جا رہا ہے جس کی مدد سے ایک گھنٹے میں ایک سو پچاس ٹن برف کو پگھلا کر پائپ میں بہایا جا سکتا ہے۔

ان جنریٹرز کو ایک گھنٹے چلانے کے لئے ساٹھ گیلن ڈیزل درکار ہوگا۔ دوسری جانب حکومت نے شہریوں کو گھروں کے سامنے برف کے ڈھیر ہٹانے کیلئے سختی سے وارننگ جاری کر دی ہے۔ امریکا کے شمال مشرقی علاقے برفانی طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جہاں اب تک کئی کئی فٹ برف پڑ چکی ہے۔