لاہور (جیوڈیسک) ڈی سی او محمد عثمان نے گز شتہ روز شہر میں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز اور پارکنگ سٹینڈز پر اوور چارجنگ کے حوالے سے تمام ٹاؤن ایڈمنسٹریٹرز کو سخت کریک ڈاؤن کی ہدایت کی۔ اے سی شالیمار نے غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 پارکنگ سٹینڈز کو خالی کر وا کر لاہور پارکنگ کمپنی کے حوالے کر دیا اور غیرقانونی پارکنگ سٹینڈ چلانے پر 2 افراد کو گرفتار کروا دیا۔
اے سی رائیونڈ نے چوک یتیم خانہ میں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ کے خلاف کارروائی کی اور اس کو بند کروادیا جبکہ ٹھیکیدار بلال کے خلاف متعلقہ تھانہ میں مقدمہ درج کر ا دیا۔ اسی طرح ایڈمنسٹریٹر نشتر ٹاؤن نے چونگی امر سدھو کے قریب غیر قانونی موٹر سائیکل پارکنگ سٹینڈ کو ختم کر ادیا۔ ایڈمنسٹریٹر نشتر ٹاؤن نے یاسر بروسٹ کے سامنے غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ چلانے پر غلام مرتضیٰ نامی شخص کو گرفتار کرا دیا۔
راوی ٹاؤن انتظامیہ اور جی ایم لاہور پارکنگ کمپنی نے مینار پاکستان سے ملحقہ غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ کو ختم کر ادیا اور گراؤنڈ کے مین گیٹ کو سیل کر کے اس جگہ کو پنجاب سپورٹس بورڈ کے حوالے کر دیا۔