سڈنی (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا دوسرے وارم اپ میچ میں کامیابی کے بعد کہنا تھا کہ انگلینڈ کیخلاف فتح نے ان کی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ کردیا ہے جبکہ انگلش کپتان اوئن مورگن نے مایوس کن انداز سے کہا کہ بدقسمتی سے وہ اچھے اسکور سے محض بیس رنز پیچھے رہ گئے۔ انگلینڈ کو زیر کرنے کے بعد مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ظاہر سی بات ہے میچ جیتنا اہمیت کی حامل بات اورہوتی ہے
کسی بھی ٹیم کو اس کی عادت بھی ہونا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ فاسٹ بالرز نے نئی گیند کا عمدگی سے استعمال کیا جبکہ یاسر شاہ نے بھی عمدہ بالنگ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سہیل خان نے ڈیتھ اوورز میں اپنی یارکرز سے بخوبی کام لیا اور اجتماعی طور پر اچھے کھیل کی بدولت اس میچ میں کامیابی سے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا اور اب ایسا محسوس ہو رہا ہے چیزیں اپنی اچھی حالت میں واپس آ رہی ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب بھارت کیخلاف بھی اچھے کردار کا مظاہرہ کیا جائے گا مگر یہ صرف دباؤ کو قابو کرنے کا معاملہ ہے اور جو ٹیم پریشر برداشت کر گئی وہی جیت جائے گی۔ انگلش کپتان اوئن مورگن کا کہنا تھا کہ وہ اچھے اسکور سے بیس رنز پیچھے رہ گئے کیونکہ 265 زیادہ اچھا اسکور ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ گیری بیلنس نے اچھی بیٹنگ کی اور جیمز اینڈرسن گیند کو دونوں جانب گھمانے میں کامیاب رہے مگر ایک اضافی سیمر کی موجودگی زیادہ بہتر ہوتی حالانکہ فی الحال یہ کامبی نیشن بھی بہتر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی دباؤ کے عالم میں اچھی آزمائش ہوئی اور وہ بھی ہفتے کو ہونے والے اگلے میچ سے قبل یہی چاہتے تھے۔