کھلاڑی آسٹریلیا کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو گئے، شہریار خان

 Shahryar Khan

Shahryar Khan

لاہور (جیوڈیسک) پی سی بی کے چیئرمین شہر یارخان نے انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں کامیابی پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کارکردگی نے اس بات کی نشاندہی کردی ہے کہ وہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو گئے ہیں۔ آسٹریلین ہائی کمیشن میں ورلڈ کپ 2015ء سے متعلق تقریب میں شرکت کیلئے اسلام آباد روانگی سے قبل شہر یار خان نے انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ میں قومی ٹیم کی فتح کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس جیت سے ٹیم کا مورال مزید بلند ہو گا جس کا فائدہ ورلڈ کپ کے میچوں میں سامنے آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کپتان مصباح الحق نے جس انداز سے بیٹنگ کی اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ورلڈ کپ کے میچز میں کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا اور پاکستانی ٹیم بھارت کیخلاف جیت کیلئے پورا زور لگائے گی۔