سڈنی (جیوڈیسک) بھارتی بلے بازوں نے قومی قد آور باؤلر محمد عرفان کو کھیلنے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی۔ بھارتی سورماؤں نے پاک بھارت ٹاکرے سے پہلے سٹول پر کھڑے ہو کر بلے بازوں کو باؤلنگ کرائی۔
سات فٹ ایک انچ قد والے قومی فاسٹ بائولر محمد عرفان اپنے قد کی وجہ سے خطرناک بائولر سمجھے جاتے ہیں۔ قد آور باؤلر نے عالمی کپ کے پہلے وارم اپ میچ میں 5 وکٹیں لے کر بھارتی سورماؤں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
سات فٹ کا ’خفیہ‘ پاکستانی ہتھیار کا ڈر بھارتی بلے بازوں پر ایسا چڑھا کہ انہوں نے محمد عرفان کا سامنا کرنے کے لیے منفرد انداز میں پریکٹس شروع کر دی۔ طویل القامت محمد عرفان کے خوف سے بھارتی بیٹسمین کی تربیت کے لیے باؤلرز کو سٹول پر کھڑا کر کے باؤلنگ کرائی گئی۔
ورلڈ کپ کے منفرد کھلاڑی محمد عرفان کے خوف کے سائے روایتی حریفوں پر ابھی سے منڈلانے لگے ہیں ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ہائی وولٹیج مقابلے میں بھارتی بلے باز محمد عرفان کا کیسے سامنا کرتے ہیں۔