پنجاب حکومت تعمیر و ترقی کے حوالہ سے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے: شوکت منظور چیمہ

Punjab Government

Punjab Government

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب شوکت منظور چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت تعمیر و ترقی کے حوالہ سے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے اپنے دور اقتدار میں ہر طرف خوشحالیاں بکھیر دیں گے۔

نواحی علاقہ کوٹ حضری میں گلیوں اور محلوں میں تعمیراتی کاموں کے مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہاتی علاقوں میں عوام الناس کو یکساں سہولیات فراہم کرنے کیلئے پنجاب حکومت پرعزم ہے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں تمام ایم پی ایز اپنے علاقوں کی ترقی وخوشحالی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے باتوں سے کام نہیں چلایا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن جن کا وطیرہ رہا ہے عوام نے انہیں انتخابات میں ٹھکرا دیا ہے ہماری کامیابی عوامی اعتماد کی بدولت ہے آئندہ بھی عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔

چوہدری شوکت منظو رچیمہ نے کہا کہ تمام تر مسائل اور بحرانوں کے باوجود حکومتی ارکان اسمبلی، لیگی عہدیداران اور کارکن ملک و قوم کو مشکلات سے نکالنے کیلئے پر عزم ہیں اور اس حوالہ سے جامع حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، شرپسند عناصر کو بہت جلد قانون کے شکنجے میں جکڑلیا جائے گا، میان برادران کی سیاست کا مرکز و محور ہی عوام کی بے لوث خدت اور انہیں مسائل سے نجات دلانا ہے۔