واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر بارک اوباما نے 3 مسلمان طلباء کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسے سفاکانہ فعل قرار دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر بارک اوباما نے اپنے ایک بیان میں کیرولینا میں 3 مسلمان طلباء کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمان طلبا کا قتل سفاکانہ اقدام ہے اور امریکا میں کسی بھی شخص کو نسلی تعصب کی بنیاد پر نشانہ نہیں بننے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل شمالی کیرولائنا ریاست میں چیپل ہل کے مقام پرنامعلوم شخص نے 2 خواتین اور ایک نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا جس کے الزام میں پولیس نے 46 سالہ ملزم کریگ اسٹیون ہکس کو گرفتارکیا تھا۔ دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے مسلمان طلباء کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے امریکی صدر سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے پر اپنی پوزیشن کی وضاحت کریں۔