الیکشن سیل کمیٹی کے رکن کی گرفتاری پر ایم کیو ایم کی مذمت

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم الیکشن سیل کمیٹی کے مرکزی رکن عمیر حسن صدیقی کی گرفتاری پر رابطہ کمیٹی کی مذمت، رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ عمیر حسن کو علی الصبح عزیز آباد نمبر 8 سے گرفتار کیا گیا ہے، اہل خانہ یا پارٹی کو ان کی معلومات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم الیکشن سیل کمیٹی کے مرکزی رکن عمیر حسن صدیقی کی گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ رینجرز نے علی الصبح عمیر حسن کو انکی عارضی رہائشگا ہ واقع عزیز آباد نمبر8 سے گرفتار کیا ہے

چھاپے کے دوران رینجرز اہلکار عمیر حسن صدیقی کے زیر استعمال تمام موبائل فونز اور لیپ ٹاپ و دیگر سامان بھی اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔ عمیر حسن صدیقی تاحال لاپتہ ہیں اور ان کی گرفتاری سے متعلق ان کے اہل خانہ یا پارٹی کے کسی عہدےدار کو کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی ایم کیو ایم کے متعدد کارکنان کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں لاپتہ کیا جا چکا ہے یا انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کر دیا جاتا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم، وفاقی وزیر داخلہ، گورنر سندھ ڈاکٹر اور وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایم کیو ایم الیکشن سیل کمیٹی کے مرکزی رکن عمیر حسن صدیقی کی بلاجواز گرفتاری کا فوری نوٹس لے کر ان کے اہل خانہ اور پارٹی ذمہ داران کو ان کی خیر و عافیت سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں۔