لاہور (جیوڈیسک) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو کچلنے کے لئے سخت ترین اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔21 ویں آئینی ترمیم کی پارلیمنٹ سے منظوری سے ثابت ہوگیا ہے کہ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ آئینی ترمیم کی متفقہ منظوری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک اہم اقدام ہے۔ قومی قیادت نے جس اتحاد کا مظاہر ہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی میں اپنے دفتر میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے۔ موجودہ غیر معمولی صورتحال فوری غیر معمولی اقدامات کا تقاضا کرتی ہے۔ اے پی سی کے جرأت مندانہ فیصلے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ آئندہ نسلوں کو پرامن پاکستان دینے کیلئے قومی قیادت کا مثالی اتفاق رائے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تاریخی حیثیت رکھتاہے۔
دہشت گردوں کو اپنے ظلم اور بربریت کا حساب دینا ہوگا۔پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردوں اور انتہاپسندوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ عملی طور پر ثابت ہوگیا ہے کہ سیاسی جماعتیں ،سول سوسائٹی، فوج، سکیورٹی ادارے اور قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شریک ہیں۔