سردی کی شدت مزید کم ہونے سے گیس پریشر بہتر ہو گیا

gas

gas

لاہور (جیوڈیسک) سردی کی شدت مزید کم ہونے سے گیس پریشر بھی مزید بہتر ہوگیا ہے گیس کا شارٹ فال 1100 ملین کیوبک فٹ رہ گیا۔ گیس پریشر میں بہتری آنے کے بعد لاہور میں سوئی ناردرن کے خلاف مظاہروں میں قدرے کمی آئی ہے۔ سوئی ناردرن کی طرف سے شہر بھر میں گھریلو صارفین کے لیے 24 گھنٹے گیس کی فراہم کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز بھی شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس پریشر بہتر رہا۔ سوئی ناردرن کی طرف سے موسم سرما میں گیس کے شدید بحران کے باعث گھروں کے لیے گیس لوڈ مینجمنٹ کا شیڈول جاری کیا گیا تھا۔ تاہم گیس پریشر میں قدرے بہتری آنے کے باعث اب شہر کے گھریلو صارفین کو چوبیس گھنٹے گیس کی فراہمی جاری ہے۔ ادھر گھروں میں گیس ہیٹر کا استعمال بھی تقریبا ختم ہوگیا ہے تاہم گیزر کا استعمال جاری ہے۔