کراچی (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کراچی کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں عسکری حکام نے انہیں شہر میں ہونے والی انٹیلی جنس کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل عاصم باجوہ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے فائیو کور ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے وزیراعظم کو قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد اور شہر میں ہونے والی انٹیلی جنس کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت گورنر ہاؤس میں اعلی سطح کا اجلاس بھی ہونا ہے جس میں سیکیورٹی حکام وزیراعظم کو امن و امان سے متعلق بریفنگ دیں گے جبکہ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے معاملے پر تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی اور سندھ حکومت کی مشاورت اور قانونی معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس معاملے کی آئندہ حکمت عملی کا تعین کیا جائے گا۔