لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری

Rain

Rain

لاہور (جیوڈیسک) کالے بادل، بارش، ژالہ باری اور برف باری بارش برسانے والی مغربی ہواؤں کے آتے ہی مختلف شہروں میں بادل برس پڑے۔ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے موسم دلکش بنا دیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں رات گئے گھنے بادل پہلے گرجے اور پھر خوب برسے۔ بادل چھلکنے کا یہ سلسلہ دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا۔ لاہور اور گردونواح میں بھی بارش نے موسم حسین کر دیا۔

دن بھر بادلوں نے سورج سے آنکھ مچولی کھیلی اور پھر مینہ برسا جبکہ خوب ژالہ باری بھی ہوئی۔ گوجرانوالہ میں موسلا دھار بارش اور گرتے اولوں نے ہر شے کو سفید کر دیا۔ گھنے بادل چھائے تو دن میں رات کا سماں ہو گیا۔ پشاور میں بھی کئی گھنٹے تک ہونے والی بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ مری میں بھی گرتی بوندوں نے ملکہ کوہسار کے حسن نکھار دیا۔

آزاد کشمیر میں آسمان سے برف کے گالے گرے۔ باغ میں زمینی رابطے منقطع ہوگئے۔ حاجی پیر میں 4، لسڈنہ میں ساڑھے تین، سدھن گلی اور گنگا چوٹی میں تین فٹ برف پڑی۔ میرپور میں بھی برفباری نے اپنا رنگ دکھایا۔ شانگلہ بھی برف سے سفید ہوگیا۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ اتوار تک بالائی علاقوں میں موجود رہے گا۔ پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور شمالی بلوچستان میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا امکان ہے۔