پشاور (جیوڈیسک) نیب نے مضاربہ کیس میں ملزم ڈبل شاہ کے ڈیڑھ ارب روپے کے اثاثے منجد کر دئیے ہیں۔ نیب پشاور کے مطابق ڈبل شاہ کے اثاثوں میں 120 کنال پر محیط بہاولپور آئل کمپنی، راول پنڈی، ٹیکسلا اور سیالکوٹ میں جائیداد اور راجن پور میں 795 کنال اراضی شامل ہے۔
خیبر پختونخوا نیب نے دھوکہ دہی کےذریعے لوگوں سے ڈیڑھ ارب روپے لوٹنے والے افضل خالق عرف ڈبل شاہ کےاثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔نیب خیبر پختونخوا کے اعلامیہ کے مطابق دھوکہ دہی کیس میں نیب کے زیر حراست ملزم افضل خالق عرف ڈبل شاہ کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم ڈائریکٹر جنرل نیب خیبر پختونخوا نے دیا۔
ملزم نے فاریکس پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام سے کمپنی قائم کی تھی ۔ان پر دھوکہ دہی کے ذریعے لوگوں سے کروڑوں روپے لوٹنے کے الزامات ہیں۔ نیب حکام کے مطابق ملزم افضل خالق عرف ڈبل شاہ ایک ارب50 کروڑ روپے اثاثوں کے مالک ہیں ۔ ملزم کے اثاثوں میں 120 کنال پر محیط بہاولپور آئل کمپنی ، پنڈی اور ٹیکسلا میں 31 کنال 12 مرلہ کی جائیداد شامل ہےجبکہ ملزم ڈبل شاہ راجن پور میں 795 کنال اور سیالکوٹ میں 57 کنال 14 مرلے جائیداد کے بھی مالک ہیں۔