منڈی بہاؤالدین نے ٹریفک وارڈنزپر مشتمل جدید سٹی ٹریفک پولیس کی تعیناتی کا مطالبہ کر دیا

منڈی بہاؤالدین: 6 شہروں میں شاندار کامیابی کے بعد اہلیان گجرات اور منڈی بہاؤالدین نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ٹریفک وارڈنزپر مشتمل جدید سٹی ٹریفک پولیس کی تعیناتی کا مطالبہ کر دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے چیف ٹریفک آفیسر سے رپورٹ طلب کرلی۔سی ٹی اوآصف ظفر چیمہ نے وسیع تر عوامی مفاد میں وارڈن پولیس کی گجرات اور منڈی بہاؤالدین تعیناتی کو فائدہ مند قرار دے دیا۔

صوبائی وزیر محترمہ حمیدہ وحیدالدین اور ممبر قومی اسمبلی چوہدری ناصر اقبال بوسال نے بھی بھرپور تائیدکردی۔ اہلیان گجرات اور منڈی بہاؤالدین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔انجمن تاجران، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن،سٹیزنزفرنٹ ،کسان بورڈ،پریس کلب،الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن،ایڈیٹرزکونسل،ڈنکا،ایکس سروس مین سوسائٹی سمیت تمام مکاتب فکر کا خیرمقدم۔ کرپشن سے پاک ،خوش اخلاق انٹرنیشل معیار کی جدید فورس ٹریفک کے نظام کو کنٹرول کرے گی،شہریوں کے تاثرات۔ تفصیلات کے مطابق گجرات چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ثاقب اسحاق نے پنجاب کے چھ بڑے شہروں لاہور،فیصل آباد،راولپنڈی ،ملتان ،گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کی طرح وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمدشہبازشریف سے ٹریفک وارڈنز کوضلع گجرات اورضلع منڈی بہاؤالدین تعینات کرنے کے مطالبہ کیا ہے۔

منڈی بہاؤالدین پریس کلب رجسٹرڈ کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق صدر گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ثاقب اسحق نے وزیر اعلیٰ پنجاب کومورخہ 19جنوری 2015 لکھے گئے لیٹر میں کہاگیا ہے کہ ضلع گجرات اورضلع منڈی بہاؤالدین کی عوام کو ٹریفک کے بھاری مسائل کا سامنا ہے ۔دونوں اضلاع کا شمار بڑے ریجنزمیں ہوتا ہے اور دونوں علاقے قومی خزانے کو کثیر ریونیو دیتے ہیں ۔دونوں اضلاع حکومت پنجاب کے ٹریفک وارڈنز کی تعیناتی کے اقدام کو ستائش کی نظر سے دیکھیں گے۔

ہمیں یقین ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس کے ٹریفک وارڈنز جلد ازجلد دونوں اضلاع میں اپنی شاندار خدمات انجام دیتے نظر آئیں گے۔

صدر گجرات چیمبر ثاقب اسحق کے مطالبے پر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ لاہور سے سیکرٹری کوارڈینیشن ٹو سی ایم کی جانب سے مورخہ 4فروری 2015کوچیف ٹریفک آفیسر گوجرانوالہ کو لکھے گئے لیٹر NO.SCM(COORD)/CMO/15/OT-47/1283میں سی ٹی او گوجرانوالہ سے کمنٹس طلب کئے گئے جس کے جواب میں سی ٹی اومحمدآصف ظفر چیمہ اپنے لیٹر نمبر 432/EBمورخہ 13فروری 2015کو لکھاہے کہ ٹریفک وارڈن سسٹم لانچ ہونے سے گوجرانوالہ میں ٹریفک کا بہاؤ بہترین ہوگیا ہے اور ٹریفک وارڈن کی کارکردگی کی بھی اپنی مثال آپ ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں ضلع سیالکوٹ میں لانچ کیا جانے والاٹریفک وارڈن سسٹم کامیابی سے کام کر رہا ہے ۔ مندرجہ بالا حقائق کی روشنی میں ضلع گجرات اور ضلع منڈی بہائوالدین میں ٹریفک وارڈن سسٹم عوام کے وسیع تر مفاد میں ثمرآور ثابت ہو گا۔

 Traffic Police

Traffic Police