مائیکل کلارک کی واپسی پر شین وارن کا دعویٰ مسترد

Shane Warne

Shane Warne

سڈنی (جیوڈیسک) مائیکل کلارک کی کرکٹ میں واپسی کیلیے ڈیڈ لائن پر شین وارن کے دعوؤں کو آسٹریلوی کوچ ڈیرن لی مین نے مسترد کر دیا۔

کرکٹ آسٹریلیا نے ورلڈ کپ کیلیے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کلارک کو مکمل فٹنس ثابت کرنے کیلیے21 فروری کی ڈیڈلائن دی تھی، کپتان نے رواں سیزن میں بھارت کیخلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے بعد سے انٹرنیشنل کرکٹ سے دوری اختیار کر رکھی ہے، دائیں ہیمسٹرنگ انجری سے نجات پانے کیلیے انھوں نے دسمبر کے وسط میں سرجری کرائی تھی، جس کے بعد مکمل بحالی کیلیے10 ہفتوں کے بحالی پروگرام میں شامل ہونا تھا۔

مائیکل کلارک کے طویل عرصے تک دوست رہنے والے سابق اسپنر شین وارن نے میڈیا سے بات چیت میں کہا تھا کہ میرے خیال میں فٹنس ثابت کرنے کیلیے دی گئی ڈیڈ لائن کا مقصد انھیں ناکام کرنا ہے، وہ جلد فٹنس پانے کی کوشش میں اپنا نقصان کرسکتے تھے، اس پر آسٹریلوی کوچ اور شین وارن کے ساتھ ٹیم میں کھیلنے والے ڈیرن لی مین نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کلارک کی کمر اور ہیمسٹرنگ انجری بہتر ہے، میرے خیال میں وہ کسی بھی وقت کھیلنے کو تیار ہیں، ان کی خواہش ہوگی کہ کل ہی میدان میں اترجائیں۔

لی مین نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل میلبورن میں یواے ای کیخلاف پریکٹس میچ میں کلارک ہمارے ٹاپ اسکورر رہے، تاہم انھیں مکمل بحالی پروگرام پر عمل کرتے ہوئے ہی بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آنا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ اگر موجودہ آسٹریلوی ٹیم کو دیکھا جائے تو ہمارے پاس سردست بہت سے میچ ونرز ہیں، اگر اس میں مائیکل کلارک کی کپتانی اور تجربہ شامل ہوجائے تو ٹیم مزید بہتر ہوسکتی ہے، وہ اپنی بیٹنگ سے بھی انتہائی کارآمد پلیئر ہیں، ہم کسی طور پر انھیں نقصان نہیں پہنچانا چاہتے، کینگرو کوچ نے نائب کپتان جارج بیلی کی بھی ستائش کی۔

انھوں نے کہا کہ جارج واقعی رول ماڈل اور شاندار شخصیت کے مالک ہیں، وہ گذشتہ ڈیڑھ برس سے ہمارے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، ہم سب انھیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔