مبینہ ممنوعہ اشیا کیس: معطل انٹرا کشمیر ٹریڈ بس سروس بحال

Bus Service

Bus Service

مظفرآباد (جیوڈیسک) جموں و کشمیر کے منقسم حصوں کے درمیان انٹرا کشمیر ٹریڈ کے چکوٹھی اڑی کراسنگ پوائنٹ پر مبینہ ممنوعہ اشیا کیس کے بعد معطل بس سروس آج بحال ہوگئی۔

منگل سے ٹرک سروس بھی معمول کے مطابق شروع کردی جائے گی۔انٹرا کشمیر ٹریڈ یونین کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ 5فروری کو چکوٹھی کراسنگ پوائنٹ سے مبینہ طور پر ممنوعہ اشیاء لے جانے والے ٹرک کے ڈرائیور کی گرفتاری کے بعد سے بند تجارت منگل سے کھولی جا رہی ہے۔

تاہم آزاد کشمیر کے سرکاری محکمہ ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئر امتیاز نے اس سلسلے میں مؤقف دینے سے انکار کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈرائیور عنایت شاہ کے اہل خانہ سے کامیاب مذکرات کے بعد بس سروس اور تجارت دوبارہ شروع کی گئی اور آج چکوٹھی کراسنگ پوائنٹ سے مسافر کنٹرول لائن کراس کریں گے جبکہ منگل کے روز سے تجارت بھی معمول کے مطابق شروع کردی جائے گی۔