راولپنڈی (جیوڈیسک) لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بنچ نے واہ کینٹ خود کش حملہ کیس کے مجرم حمید اللہ کی سزائے موت کے خلاف اپیل مسترد کر دی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مجرم کو 69مرتبہ سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ راول پنڈی بنچ کے جسٹس سکندر ذوالقرنین سلیم اور جسٹس خالد محمود ملک پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بنچ نے واہ کینٹ حملہ کیس میں سزائے موت کے منتظر حمید اللہ کی اپیل پر سماعت کی۔
اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ اپیل کنندہ کا 2008ء میں واہ کینٹ کی آرڈیننس فیکٹری کے گیٹ پر ہونے والے خودکش دھماکوں سے کوئی تعلق نہیں۔ ٹرائل کورٹ نے پولیس کی رپورٹ پر انحصار کرتے ہوئے 69 مرتبہ موت کی سزا سنائی۔