کالجوں میں مزید ای لائبریریاں قائم کی جائینگی:رانا مشہود

Rana Mashhood

Rana Mashhood

لاہور (جیوڈیسک) وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے کہا کہ تعلیم کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں بچوں کی تعلیم کے لیے اختیار کئے گئے موثر ترین ذرائع پاکستان میں بھی متعارف کرائے جائیں۔ حکومت پنجاب نے برطانوی ادارہ برائے بین الاقوامی امداد(DFID) کے اشتراک سے پنجاب کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے سرکاری سکولوں میں یہی لائحہ عمل اپنایاہے جو نہایت کامیابی سے جاری ہے۔

یہ بات انہوں نے مقامی ہوٹل میں تکنیکی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب میں کہی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ سرکاری کالجوں میں بھی مزید ای لائبریریاں قائم کی جائیں گی جبکہ پارکوں میں ہب قائم کر کے طالب علموں کے لیے مفت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ اسی سال شروع کیا جارہاہے۔

چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن قمر الاسلام راجہ نے کہا کہ محکمہ سکول کی منتخب کردہ جگہوں پر نجی شعبہ کے اشتراک سے نیوسکول پروگرامکے تحت 225 نئے سکول کھولے جارہے ہیں۔ ایم ڈی پیف ڈاکٹر انیلہ سلمان نے کہا کہ فاؤنڈیشن کے دائرہ کار میں وسعت لائی جارہی ہے ۔ تقریب سے روشانے ظفر، احسن جمیل، خرم ظفر ، انفال ثاقب و دیگر نے بھی خطاب کیا۔