کراچی (جیوڈیسک) سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی نئے سرے سے تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے، ایڈیشنل آئی جی سندھ خادم حسین بھٹی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ہونگے۔
کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں فیکٹری میں آگ لگنے سے اڑھائی سو سے زائد افراد لقمہ اجل بنے۔ سانحہ کے حوالے سے جے آئی ٹی کی پہلی تحقیقاتی رپورٹ نے تہلکہ مچا دیا تھا جس کے بعد اس پر اعتراضات شروع ہوگئے اور ایم کیو ایم کی جانب سے تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا۔
وزیر اعظم اور آرمی چیف کے دورہ کراچی کے بعد نئی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔
سندھ پولیس کے ایڈیشنل آئی جی خادم حسین بھٹی کو ٹیم کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جو سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی از سر نو تحقیقات کریگی اور اپنی رپورٹ وفاقی حکومت کو پیش کرے گی۔ ٹیم میں ڈی آئی جی مشتاق مہر ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ شاہد حیات بھی شامل ہیں جبکہ رینجرز کے ونگ کمانڈر بھی جے آئی ٹی کا حصہ ہونگے۔