لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین کے زیر اہتمام نجکاری نامنظور سیمینار سے مقررین کا خطاب

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد: عالمی سرمایہ داروں کے دبائو پر منافع بخش اداروں کی اونے پونے دام نجکاری ملک دشمن پالیسوں کے مترادف ہے۔حکمران ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرز پر حکمرانی کر رہے ہیں جس سے ملک تباہی کی جانب گامزن ہے۔ آج11کروڑ سے زائد لوگ سطح غربت کی لکیر سے نیچے اپنی زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں۔پارلیمنٹ، جاگیرداروں ، سرمایہ داروں کی نااہلی کی وجہ سے ملک اندھیروں میں ڈوب گیا ہے اور ملک کے غیر ملکی قرضے 75 ارب ڈالر سے بھی زائد ہو چکے ہیں۔1998سے لے کر اب تک آئیسکو ایک نفع بخش ادارہ رہا ہے پھر اس کو فروخت کرنا اپنے من پسند لوگوں کو نوازنا اور سیاسی رشوت دینے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین کے زیر اہتمام آئیسکو کی نجکاری نامنظور سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر فرید پراچہ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ حاضرین محفل کے پر عظم اور روشن چہرے دیکھ کر مجھے یقین ہو گیا ہے کہ حکومت آئیسکو یا کسی دوسرے ادارے کی نجکاری کا خیال اپنے دل سے نکال دے گی۔انہوں نے کہا کہ آئیسکو ایک منافع بخش ادارے ہے اور صرف اسی بات کی آپ کو سزا دی جا رہی ہے کہ آپ لوگوں نے کرپشن میں حکومت کا ساتھ نہیں دیا۔ملک کے حکمران، سرمایہ دار، جاگیر دار ملک پاکستان کو ختم کرنے کے درپے ہیں۔

ملکی مسائل کے حل کے سلسلے میں پارلیمنٹ کا کردار صفر ہے اور جعلی ڈگری والے پارلیمنٹ میں عوام کی نمائندگی کرنے کا دعوی کرتے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج اس وقت دہشت گردوں کے خلاف صف آرا ہے اور قوم کو ان کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر صاحبزادہ طارق اللہ ، ایم این اے جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھے گا اور نجکاری کے خلاف ہم سب کو مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شمس الرحمن سواتی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن(NLF)نے کہا ملک میں سودی نظام رائج ہے آج بھی لوگ بھوک، ننگ، افلاس میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

ماضی کی حکومتوں نے167سے زائد ملکی اثاثوں کو اونے پونے داموں فروخت کر کے اپنے من پسند لوگوں کو سیاسی رشوت دی۔ حکمرانوں نے ملک کو روشنیوں اور درست سمت سے محروم کر دیا ہے۔ نجکاری اس ملک سے غداری ہے۔ اس ملک میں6کروڑ سے زائد مزدور ہیں مگر وہ حقیقی اورمخلص قیادت سے محروم رہی جس کی وجہ سے ان کو سوشل سیکورٹی تک میسر نہیں ہے۔صدر لیبر یونیٹی آف آئیسکو یونین عاشق خان نے آئیسکو ملازمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آئیسکو کی نجکاری کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔ آئیسکو جیسے منافع بخش ادارے کو فروخت کرنا حکومت کی جانب عالمی سازش کا حصہ بننے جیسے ہے۔ پاکستان ورکرز فیڈریشن کی وومن وینگ کی صدر زاہدہ پروین نے کہا ہمارے بڑوں نے لا تعداد قربانیوں کے بعد یہ ملک بنایا مگر نا اہل حکومتوں کی وجہ سے ہم مختلف مسائل کا شکار ہوتے رہے ہیں جس کو کسی نے بھی حل نہیں کیا ہے۔

جنرل سیکرٹری لیبر یونیٹی سید تنویر حسین شاہ نے کہا کہ آئیسکو ہمیشہ سے ایک منافع بخش ادارہ رہا ہے اور ہمارے لائن لاسز7.5فیصد سے بھی کم ہیں اور ہماری وصولی تمام کمپنیوں سے بہتر ہے مگر ہمیں اسی بات کی سزا دی جارہی ہے۔ چیئرمین لالہ رحیم نے کہا کہ لیبر یونیٹی ہمیشہ سے مزدوروں کے حقوق کی بات کرتی رہی ہے اور ہم نے آئیسکو کی نجکاری کے خلاف حکومت وقت کے خلاف علم جہاد بلند کر دیا ہے اب ہمیںشہید کر دیا جائے یا جیلوں میں ڈال دیا جائے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ سیمینار سے ملک رمضان، کاشف جعفری، لالہ یعقوب، سردار ریاست، مبارک شاہ، صوفی الطاف، نثار قریشی، ندیم خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس تقریب میں آئیسکو کے ہزاروں محنت کش شریک ہوئے اور نجکاری نا منظور، نجکاری کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے کے نعرے لگاتے رہے۔