ورلڈ کپ: بنگلادیش نے افغانستان کو 105 رنزسےہرادیا

Bangladesh Team

Bangladesh Team

کینبرا (جیوڈیسک) ورلڈ کپ کرکٹ میں گروپ اے کے ایک میچ میں بنگلا دیش نے افغانستان کو باآسانی شکست دے دی۔کینبرا میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے افغانستا ن کو جیت کیلئے 268 رنز کا ہدف دیا۔

جواب میں افغان ٹیم 42اعشاریہ 5 اوورز میں 162 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا،اوپنر انعام الحق اور تمیم اقبال نے 47رنز کا آغاز فراہم کیا،تمیم اقبال 19 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، جلد ہی بنگلادیش کو ایک اور نقصان اٹھانا پڑا، انعام الحق نے 29 رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔

سومیا سرکار اور محمود اللہ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 50 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن کو کسی حد تک مستحکم کیا، اس موقع پر اس موقع پر سومیا 28 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔محمود اللہ بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور 23 رنز کے ساتھ پویلین لوٹ گئے۔ شکیب الحسن اور مشفق الرحیم نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 114 رنز بناکر ٹیم کو مشکل سے نکالا اور مجموعی اسکور 233 رنز تک پہنچادیا،شکیب الحسن 63اور مشفق الرحیم 71 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ یوں بنگلا دیش کی پوری ٹیم مقررہ 50اوور میں 267 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔

افغانستان کی طرف سے حامد حسن، شاپور زردان، آفتاب عالم اور اشرف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ 268 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی بیٹنگ کا آغاز تباہ کن رہا اور صرف تین رنز پر 3 کھلاڑی آئوٹ ہوگئے۔ افغانستان کی طرف سے سمیع اللہ شنواری 42، محمد نبی 44 اور نوروز مینگل 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ مشرفی مرتضیٰ نے 3اور شکیب الحسن نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔