بیجنگ (جیوڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں قمری سال کے آغاز پر جشن منانے کے لئے کروڑوں افراد اپنے اپنے گھروں کا رخ کر رہے ہیں۔
اس موقع پر چین میں کئے جانے والے سالانہ سفر کو دنیا کی سب بڑی سالانہ ہجرت کہا جاتا ہے۔ چین کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق 40 دن کے دوران ملک میں تقریباً تین ارب بار سفر کیا جائے گا۔
اس موقع پر جشن منانے کے لئے چین میں سرکاری چھٹیوں میں اضافہ ہوتا ہے اور اسے گولڈن ویک کہا جاتا ہے جو 24 فروری کو ختم ہو رہا ہے لیکن بہت سے لوگ اس سے قبل اور اس کے بعد بھی سفر کرتے ہیں۔
اسے سپرنگ فیسٹیول یا جشن بہار کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے اور اس کا آغاز ایک بڑی دعوت سے ہوتا ہے جسے ’ملاپ عشایہ‘ کہا جاتا ہے۔ اور یہ ڈنر نئے سال کی ابتدا پر بدھ کو منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر لوگ اپنے رشتے داروں کے گھر ملاقات کے لیے جاتے ہیں جہاں جہاں چینی نسل کے لوگ بڑی تعداد میں ہیں جیسے تائیوان، سنگاپور، ملائیشیا وغیرہ وہاں بھی اس تقریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔