دھرنوں کی سیاست عوام کیلئے عذاب بن گئی ہے : امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ظلم کیخلاف آواز اٹھانا اور تحفظات کے حل کیلئے احتجاج کرنا نہ صرف آئینی و جمہوری حق ہے بلکہ مذہبی فریضہ بھی ہے مگر احتجاج کے نام پر مصروف شاہراہوں پر دھرنوں کے ذریعے ٹریفک جام کرکے عوام کیلئے پریشانی و تکلیف کے اسباب پیدا کرنا یا صنعتی ‘ تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کوبند کرانا یا ٹرانسپورٹ کا پہیہ روکنا کسی بھی طور نہ تو ملک و قوم کے مفاد میں ہے نہ ہی جمہوری رویہ ہے۔

تنظیم محب وطن روشن پاکستان کے چیئرمین امیر پٹی نے سینئر وائس چیئرمین محمد فاروق کمال ‘ وائس چیئرمین اسلم خان ‘ یونس سایانی ‘ صدر محمد سلیمان راجپوت ‘جنرل سیکریٹری راجہ محمد انور ایڈوکیٹ ‘ فائنانس سیکریٹری اقبال ٹائیگر ‘ میڈم انیتا اورتبسم ناز کے ہمراہ میڈیا کانفرنس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں سے دھرنوں کی سیاست سے گریز کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دھرنوں ‘ ہڑتالوں ‘ ٹریفک و ٹرانسپورٹ اور کاروبار و تجارت کی بندش سے نہ تو کبھی عوام کو کوئی فائدہ پہنچا ہے اور نہ ہی پہنچ سکتا ہے اسلئے سیاسی قوت کے اظہار کیلئے دھرنوں اور ہڑتالوں کے ذریعے قومی معیشت برباد کرکے عوام کے چولہے ٹھنڈے کرنے اور غربت و بیروزگاری میں اضافے کے اسباب پیدا کرنے کی بجائے احتجاج وتحفظات کے اظہار و حل کیلئے دستخطی مہم کے ذریعے ارباب اقتدار واختیار تک عوامی رائے پہنچائی جائے تاکہ مسائل کا حل سیاسی و جمہوری انداز سے ممکن ہو اور قومی و عوامی معیشت کو بھی خطرات لاحق نہ ہوں اور نہ عوام کی تکالیف و پریشانیوں میں اضافہ ہو۔