لاہور (جیوڈیسک) لاہور خودکش حملے میں شہید ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں کو ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نمازِ جنازہ میں کوئی اعلیٰ پولیس آفیسر یا منتخب نمائندہ شریک نہ ہوا۔
پولیس حوالدار امجد عباس وِرک نارنگ منڈی کے نواحی گاؤں گھوچلی ورک کے رہائشی تھے۔ ان کی میت گاؤں پہنچی تو ہر آنکھ اشک بار تھی۔
عزیز و اقارب دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔شہید امجد عباس ورک نے 2 بھائی،ایک بہن اور والدین سوگوار چھوڑے ہیں۔ امجد عباس کی نمازِ جنازہ میں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد کے علاوہ مقامی پولیس اہل کاروں نے شرکت کی۔
خودکش حملے کے دوسرے شہید پولیس رضاکار وقار اسلم کی نمازِ جنازہ کرکٹ اسٹیڈیم شیخوپورہ میں ادا کی گئی۔ جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔دونوں اہلکاروں کے جنازوں میں کسی اعلیٰ پولیس افسر یا منتخب نمائندے نے شرکت نہیں کی۔