کے آئی سی ٹی کے ٹیکسز میں بے قاعدگیاں کرنے کا انکشاف

KICT

KICT

کراچی (جیوڈیسک) محکمہ کسٹمز کے ماتحت ادارے ڈائریکٹوریٹ پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے کراچی انٹرنیشنل کنٹینرز ٹرمینل (کے آئی سی ٹی) کی ڈیوٹی وٹیکسوں میں بے قاعدگیوں کی نشاندہی کردی۔

ذرائع نے بتایا کہ کے آئی سی ٹی نے ایس آراو 659 کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے 5 کروڑروپے سے زائد کے ڈیوٹی وٹیکسوں میں بے قاعدگیاں کیں اور اس ضمن میں ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے کے آئی سی ٹی کی جانب سے 29 اگست 2013 میں جی ڈی KAPW-HC-25356 کے ذریعے درآمدہونے والے ہائی وولٹیج کیبل، 1250KVA استعداد کے حامل ہائی وولٹیج ٹرانسفارمر،250KVA استعداد کے ہائی وولٹیج ٹرانس فارمر، ہائی وولٹیج سوئچ گیئر اور پلیٹ فارم، واک وے کے کنسائمنٹ کے دوران آڈٹ میں واضح کیا ہے کہ مذکورہ ٹرمینل نے کنسائمنٹ کی کلیئرنس کے لیے پاکستان کسٹمزٹیرف (پی سی ٹی) غلط ظاہر کر کے ایس آراو 659 کا ناجائزفائدہ اٹھایا ہے جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو مجموعی طورپر 5 کروڑ 4 لاکھ 1 ہزار 34 روپے کا نقصان پہنچایا گیاہے۔

ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے کراچی انٹرنیشنل کنٹینرزٹرمینل کی جانب سے درآمدکردہ مذکورہ کنسائمنٹ پر ایس آراو 659 کے تحت فری ٹریڈ ایگریمنٹ (ایف ٹی اے) حاصل کرتے ہوئے کنسائمنٹ کی کلیئرنس 20 فیصد کسٹمز ڈیوٹی کے بجائے صفرفیصدکسٹمزڈیوٹی پر کی گئی۔

ڈائریکٹویٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی رپورٹ کے مطابق ٹرمینل کی جانب سے کلیئرکیے جانے والے کنسائمنٹ کے آئٹم میں کیبل ریل اورکنٹرول بوکس کے 6 یونٹ کی کلیئرنس پر93 لاکھ 67 ہزار 253 روپے کی ڈیوٹی وٹیکس، 2 ہزار 550 میٹر ہائی وولٹیج کیبل کی کلیئرنس پر 82 لاکھ 50 ہزار 845 روپے مالیت کی ڈیوٹی و ٹیکسز، 6 ہائی وولٹیج ٹرانسفارمر 1250 KVA کی کلیئرنس پر 80 لاکھ 28 ہزار 375 روپے کی ڈیوٹی وٹیکسز، 6 ہائی وولٹیج ٹرانسفارمر 250 KVA کی کلیئرنس پر 50 لاکھ 63 ہزار 712 روپے کی ڈیوٹی و ٹیکسز، 6 ہائی وولٹیج سوئچ گیئرز کی کلیئرنس پر 1 کروڑ 33 لاکھ 52 ہزار 15 روپے کی ڈیوٹی وٹیکسز اور 6 پلیٹ فارمز، واک وے کی کلیئرنس پر 63 لاکھ 38 ہزار 834 روپے کی ڈیوٹی و ٹیکسوں کی بے قاعدگیاں کی گئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کسٹمز نے کراچی انٹرنیشنل کنٹینرزٹرمینل کیخلاف کنٹراونشن رپورٹ مرتب کرکے قانونی کارروائی کیلیے رپورٹ متعلقہ ایڈجیوڈیکشن کلکٹریٹ کو ارسال کردی ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مذکورہ ٹرمینل نے بورڈآف انویسٹمنٹ کی جانب سے ایس آر او 575 کی سہولت نہ دینے پرڈیوٹی و ٹیکسوں میں بے قاعدگی کیلیے ایس آر او 659 کے تحت غیرقانونی طریقے سے اپنے کنسائمنٹ کی کلیئرنس کی ہے۔