عوام کی بجائے حکمرانوں کا محاسبہ کیا جائے، تنظیم روشن پاکستان

Karachi

Karachi

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات کی جانچ پڑتال کے عمل میں آئین کے تمام تقاضے پورے کرتے ہوئے اس عمل کو قومی و عوامی مفاد میں مکمل طور پر غیر جانبدارانہ و شفاف بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے تنظیم محب وطن روشن پاکستان کے چیئرمین امیر پٹی سینئر وائس چیئرمین محمد فاروق کمال وائس چیئرمین اسلم خان یونس سایانی صدر محمد سلیمان راجپوت جنرل سیکریٹری راجہ محمد انور ایڈوکیٹ فائنانس سیکریٹری اقبال ٹائیگر میڈم انیتا اور تبسم ناز نے سانحہ شکار پور کے لواحقین کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے مجلس وحدت المسلمین سمیت تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور تنظیموں سے اپیل کی ہے احتجاج تحفظات کے خاتمے مسائل کے حل اورمطالبات کی منظوری کیلئے دھرنا روایات کی بجائے جمہوری انداز کی پاسداری کی جائے۔

اور قانونی و جمہوری حکمت عملی ترتیب دیکر حکمرانوں کا محاسبہ کیا جائے کیونکہ دھرنوں سے نہ تو حکمرانوں کے کانوں پر جوں رینگ رہی ہے اور نہ ہی ان کی صحت پر کوئی اثر پڑرہا ہے بلکہ اس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے باعث نہ صرف عوام پریشانی و تکلیف سے دوچار ہیں بلکہ شہر کی کاروباری وتجارتی سرگرمیوں میں کمی عوام کو غربت و بھوک سے دوچار کرنے کا باعث بھی بن رہی ہے۔

درسگاہوں میں اسکول اساتذہ اور طالبات کو ممکنہ دہشتگردی کیخلاف اسلحہ چلانے کی تربیت کے آغاز کو احمقانہ حکمت عملی قرار دیتے ہوئے ایم آر پی رہنما نے کہا کہ اس حکمت عملی سے دہشتگردی سے نجات تو ممکن نہیں ہے البتہ جرائم میں اضافہ ضرور ہوگا کیونکہ ہر تربیت یافتہ شہری کو لائسنس یافتہ اسلحہ کی فراہمی ممکن نہیں اور غیر لائسنس یافتہ اسلحہ ہمیشہ قانون شکنی کا باعث بنتا ہے۔