ایک ماہ کے دوران ملک میں 133 افراد نے خودکشی کی

Suicide

Suicide

میرپور خاص (جیوڈیسک) بے روزگاری، تنگدستی اور گھریلو مسائل سے پریشان 133افراد نے گزشتہ ماہ خودکشی کر لی، 24 افراد کو کاروکاری کر کے قتل کر دیا گیا، 71 افراد جنسی تشد د کا نشانہ بنے، بے روزگاری اور گھریلو مسائل سے تنگ آکر خودکشی کرنیوالوں میں پنجاب پہلے، دوسرے پر سندھ اور تیسرے پر کے پی کے جبکہ بلوچستان چوتھے نمبر پر رہا، کاروکاری کے تمام واقعات سندھ میں پیش آئے، ایک جریدے کی رپورٹ کے مطابق ماہ جنوری کے دوران ملک بھر میں 133 افراد نے بے روزگاری گھریلو پریشانیوں اور دیگر مسائل سے تنگ آکر خودکشی کر لی جن میں 44 خواتین بھی شامل ہیں اسی عرصے کے دوران خودکشی کرنیوالے 38 افراد کو بروقت طبی امداد دے کر بچا لیا گیا اقدام خودکشی کرنیوالو ں میں بھی 17 خواتین شامل تھیں

رپورٹ کے مطابق خودکشی اور اقدام خودکشی کے 171 واقعات میں صرف 19 واقعات کی ایف آئی آر درج ہوئیں، دوسری جانب پسند کی شادی اور دیگر الزامات کے تحت 24 افراد کو کارو کاری قرار دے کر قتل کر دیا گیا جن میں 17 خواتین اور 7 مرد تھے، کارو کاری کے الزام میں قتل ہونے والے تمام افراد کا تعلق سندھ کے علاقوں کشمور، گڑھی یاسین، خیر پور میرس، شکار پور، قمبر، حیدر آباد، سکھر اور لاڑکانہ سے تھا ،رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں جنسی تشد د کا نشانہ بننے والے 71 افراد میں 45 خواتین اور سات تا تیرا سال کے 24 بچے اور دو خواجہ سرا شامل ہیں۔