شام جانے والی برطانوی لڑکیاں شدید خطرے میں ہیں

British Girls

British Girls

برطانوی (جیوڈیسک) ان طالبات کے سکول بیتھنل گرین اکیڈمی کے ایک پیرنٹ گورنر عبدالصمد نے اس خیال کو مسترد کیا ہے کہ وہ شام جانے کے لیے ترکی گئی ہیں۔ برطانوی پولیس نے مشرقی لندن سے تعلق رکھنے والی ان تین لڑکیوں کی سلامتی کے بارے میں شدید خدشات ظاہر کیے ہیں جو پولیس کے خیال میں شام میں دولتِ اسلامیہ کا حصہ بننے کے لیے ترکی کے راستے وہاں پہنچی ہیں۔

15 سالہ شمیمہ بیگم، 16 سالہ قدیضہ سلطانہ اور ان کی ایک 15 سالہ ساتھی منگل کو لندن سے ترکی روانہ ہوئی تھیں۔ پولیس نے ان کی تلاش کے لیے ایک ہنگامی اپیل جاری کی ہے اور کہا ہے کہ ’وہ انتہائی خطرے کا شکار ہو سکتی ہیں۔‘ یہ تینوں لڑکیاں ایک ایسی لڑکی کی دوست ہیں جو دسمبر 2014 میں شام گئی تھی۔ لندن کی میٹروپولیٹن پولیس کے کمانڈر رچرڈ والٹن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تینوں برطانوی لڑکیاں شام میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ میں شمولیت کی نیت سے ترکی گئی ہیں۔
ان طالبات کے سکول بیتھنل گرین اکیڈمی کے ایک ’پیرنٹ گورنر‘ عبدالصمد نے اس خیال کو مسترد کیا ہے کہ وہ شام جانے کے لیے ترکی گئی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس سکول میں کسی قسم کی بھی ’ریڈیکلائزیشن‘ نہیں ہے۔
عبدالصمد نے کہا ’مجھے سو فیصد یقین ہے کہ ہم نے اس سکول میں تعلیم حاصل کرنے والے تمام طلبہ کے تحفظ کے مکمل انتظامات کیے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’میں اب بھی نہیں مانتا کہ وہ چھٹی منانے کے علاوہ کہیں اور جا رہی ہیں کیونکہ انھوں نے اسی کی تیاری کی اور اسی قسم کے ملبوسات پہن کر اور ساتھ لے کر گئی ہیں۔‘

تاہم پولیس کمانڈر رچرڈ والٹن کا کہنا ہے کہ یہ لڑکیاں شام جانے کا ہی ارادہ رکھتی ہیں جہاں ان کی جان کو ’شدید خطرہ‘ ہوگا۔ ان کے مطابق وہ امید کرتے ہیں کہ تینوں لڑکیاں ’ہمارے خدشات اور تحفظات اور اپنی سلامتی کے بارے میں سن لیں اور گھر واپس آ جائیں جہاں ان کے خاندان ان کے لیے پریشان ہیں۔‘

16 سالہ قدیضہ سلطانہ ترکی جانے والی تینوں لڑکیوں میں سب سے بڑی ہیں پولیس نے امید ظاہر کی ہے کہ ترکی اور شام کی سرحد پر انتہائی سرد اور ناموافق موسم کی وجہ سے یہ تینوں لڑکیاں ابھی ترکی میں ہی موجود ہو سکتی ہیں۔ یہ تینوں لڑکیاں منگل کی صبح آخری بار دیکھی گئی تھیں جب انھوں نے اپنے والدین کو معقول وجوہات بتا کر گھر سے دن بھر باہر رہنے کی اجازت مانگی تھی۔ تاہم منگل کی شام یہ تینوں لڑکیاں ٹرکش ایئرلائن کے ذریعے استنبول روانہ ہو گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شمیمہ ممکنہ طور پر اپنی 17 سالہ بہن اقلیمہ بیگم کے نام پر سفر کر رہی ہے جبکہ ان کی تیسری ساتھی کا نام پولیس نے والدین کی درخواست پر ظاہر نہیں کیا ہے۔