کابل (جیوڈیسک) نئے امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر کا کہنا ہے کہ امریکا افغانستان میں طالبان کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کے باعث افواج کے انخلا کے عمل کو سست کرنے پر غور کررہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نو منتخب امریکی وزیر دفاع غیر اعلانیہ دورے پر افغانستان پہنچے جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سمیت دیگررہنماؤں سے ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں سیکیورٹی کی مخدوش صورتحال کے باعث طالبان کا اثرورسوخ بڑھ رہا ہے
جس کے باعث امریکا افغانستان سے افواج کے انخلا کے عمل کو سست کرنے پر غور کررہا اور امریکا افغانستان میں پائیدار امن کا خواہاں ہے تاہم آئندہ ماہ افغان صدر کے دورہ امریکا کے دوران اس بارے میں صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔
اس موقع پر افغان صدر کا کہنا تھا کہ کئی سالوں سے جاری طالبان کے ساتھ لڑائی میں امن کے امکانات نظر آرہے ہیں تاہم اس بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔