ڈینڈن (جیوڈیسک) ورلڈ کپ میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر کھاتا کھول لیا ہے۔ گروپ اے کے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو افغانستان کی ٹیم نے اصغر ستانی کزی کے54، سمی اللہ شنواری کے 38 اور میرواعظ اشرف کے 28رنز کی بدولت تمام وکٹوں کے نقصان 232 رنز بنائے۔ سری لنکا کی طرف سے لاستھ ملنگا اور اینجلو میتھیوز نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
سورنگا لکمل نے 2، تھیسار اپریرا اور رنگانا ہیراتھ ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے۔ سری لنکا نے 233 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگ کا آغاز کیا تو اس کے ابتدائی 3بلے باز 18کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ چوتھی وکٹ 51 کے اسکور پر گری تو سری لنکا ٹیم کے ہاتھوں سے میچ نکلتا دکھائی دیا مگر جے وردھنے نے کپتان میتھیوز کے ساتھ مل کر 126 رنز کی شراکت قائم کی اور میچ میں ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔
کپتان میتھیوز 44 رنز بناکر رن آوٹ ہوئے جبکہ دوسرے اینڈ پر موجود جے وردھنے نے 100 بنانے کے بعد 178 کے اسکور پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ ان دونوں سیٹ کھلاڑیوں کے آوٹ ہونے پر میچ ایک بار پھر سری لنکا ٹیم کی گرفت کمز ور پڑتی محسوس ہوئی مگر پریرا کے جارحانہ 47 رنز ناٹ آوٹ میچ لنکن ٹیم کو جتوا دیا۔ جے وردھنے کو شاندار سنچری پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔