بدین میں 17 غیر رجسٹرڈ دینی مدارس بند کرا دیے گئے

Badin

Badin

بدین (جیوڈیسک) صوبہ سندھ کے ساحلی ضلع بدین میں غیر رجسٹرڈ دینی مدارس کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا، اتوار کو 17 مدارس بند کرادیے گئے۔

ایس ایس پی بدین خالد مصطفی کورائی کے مطابق ضلع بھر میں 120 مدارس قائم ہیں جن کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ پہلے مرحلے میں 17مدارس بند کرادیے گئے ہیں جن کا تعلق مختلف مسالک سے ہے۔ مدارس کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ بند کیے گئے مدارس رجسٹرڈ کرائیں جس کے بعد ہی انھیں کھولنے کی اجازت مل سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں مدارس کی فنڈنگ اور غیرملکی طلبا سے متعلق معلومات کی تصدیق کی جائے گی۔ ضلع بدین میں مدارس کے کوآرڈینیٹر مفتی عبدالغنی گو پانگ کا کہنا ہے کہ دیہاتوں میں موجود مکاتب کو سر بمہر کیا گیا ہے جہاں بچے دوپہر کے بعد قرآن کی تعلیم حاصل کرتے ہیں اور شام کو اپنے گھروں کو چلے جاتے ہیں۔