اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ریٹرننگ افسران کے نام تحریر کیے گئے خط پرانتہائی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیریں مزاری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سینیٹ انتخابات میں حکمراں جماعت ن لیگ کو فائدہ پہنچانے کی خاطر قواعد کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 1974کے انتخابی قواعد کی دفعہ20 کے تحت الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کے اجرا کے بعد ووٹوں میں تبدیلی کا مجاز نہیں ہے۔
2013ء کے عام انتخابات کے موقع پر بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے ریٹرننگ افسران کو خفیہ خط تحریر کیے گئے اور اب بھی ارسال کیے جانے والے خط میں آراوز کو قواعد نظر انداز کرنے کی تلقین کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ سپریم کورٹ پر حملے کے ذمے دار چوہدری تنویر کو ایوان بالا کا رکن منتخب کروانا چاہتی ہے اور الیکشن کمیشن کے ساتھ اشتراک کے ذریعے قبل ازانتخابات دھاندلی میں مصروف ہے۔اپنے بیان میں شیریں مزاری نے الیکشن کمشنرسے ملاقات کے دوران یہ معاملہ اٹھانے کا اعلان کیا۔