کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب کے زیر یر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے اشتراک سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس ملیر پر جاری “آٹھواں آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ”میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں بلوچ محمڈن ملیر نے اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے مد مقابل مضبوط حریف شہباز گرین فٹ بال کلب بنارس کو 3-1کے مارجن سے شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
کھیل کے پہلے ہاف میں بلوچ محمڈن کو آصف کیگول کی بدولت 1-0سے برتری حاصل تھی جبکہ دوسرے ہاف میں بلوچ محمڈن کی ٹیم نے کھیل میں بہتری لاتے ہوئے مزید دو گول اسکور کئے جو ان کے کھلاڑیوں آصف اور احمد لعل نے کئے کھیل کے آخری لمحات میں شہباز گرین کی جانب سے شاہ حسین نے گول کرکے اپنی ٹیم کے خسارے میں کمی کی کھیل کے اختتام پر مہمان خصوصی حق پرست رکن قومی اسمبلی ساجد احمد کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔
اس موقع پر کھلاڑیوں اور فٹ بال آفیشل سے گفتگو کرتے ہوئے حق پرست رکن قومی اسمبلی ساجد احمد نے کہاکہ ایم کیوا یم معاشرے سے ہر برائی کا جڑ سے خاتمے چاہتی ہے اور اسپورٹس وہ واحد ذریعہ ہے جو نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کا ذریعہ ہے ایم این اے ساجد نے کہاکہ ملیر جیسے مضافاتی علاقے میں پاکستان سطح پر فٹ بال ایونٹ کے انعقاد پر نیشنل بنک اور کالونی اسپورٹس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ایسے ایونٹ کے انعقاد سے گلیوں اور محلوں کی سطح پر فٹ بال کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں کھیلے میچ میں نیشنل ریفری خالد ممتاز جمی ،نصیر عمر بلوچ اور عمر بلوچ نے سپروائز کیا جبکہ میچ کمشنر منور خان اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔