حکومت جلد جائے گی اور انتخابات رواں سال ہی ہوں گے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

پشاور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ میں اکیلا کچھ نہیں کر سکتا اور سسٹم کو مضبوط کیے بغیر کوئی تبدیلی نہیں آ سکتی۔

بری خبر یہ ہے کہ موجودہ نظام تباہ ہوکر رہ گیا ہے اور اچھی خبر یہ ہے کہ اسے ٹھیک کیا جا سکتا ہے، خیبر پختونخوا کے عوام 3 ماہ میں واضح تبدیلی محسوس کریں گے، انتخابات رواں سال ہی ہوں گے موجودہ حکومت دھاندلی کیس میں جلد رخصت ہونے والی ہے، ملک کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے، نوجوان بلدیاتی انتخابات میں خود کو ضرور آزمائیں جس سے حقیقی معنوں میں اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوں گے۔

بنی گالہ اسلام آباد میں انصاف یوتھ ونگ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ جس رفتار سے خیبرپختونخوا میں تبدیلی آنا تھی وہ نہیں آسکی تاہم اس حوالے سے تمام ہوم ورک کر لیا، 3 ماہ میں لوگ واضح تبدیلی محسوس کریں گے، تمام مسائل کا حل بلدیاتی نظام میں ہے جس کیلیے ہم پوری طرح تیار ہیں۔

تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے تاخیر کے باعث صوبے میں بلدیاتی انتخابات التوا کا شکار ہیں، صوبے میں کلاس فور کی بھرتی بھی این ٹی ایس کے ذریعے کرنیکا ارادہ ہے، میں واحد سیاستدان ہوں جس کی لڑائی کسی ایک شخص سے نہیں بلکہ ملک کے سارے فرعونوں سے ہے۔