اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان سویٹ ہومزکے سرپرست اعلیٰ زمرد خان نے کہا ہے کہ سویٹ ہومز کی پریاں اور ننھے فرشتے اس عزم کے ساتھ 23 مارچ کو قومی سطح پر منائیں گے کہ ہم بہادر قوم کے بچے ہیں، دہشت گردوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں اور دھرتی ماں کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ سویٹ ہومز کے زیر اہتمام کراچی اورمیرپور میں کیڈٹ کالج بنائے جارہے ہیں۔ یوم پاکستان کیلئے رنگا رنگ تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے
پوری قوم یوم پاکستان پر بچوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دنیا کو پیغام دیں کہ ہم اور ہمارے بچے کسی خوف میں مبتلا نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کے روز 23 مارچ کے حوالے سے سویٹ ہومز کے زیر اہتمام قومی سطح پر فیسٹیول کے انعقاد کے سلسلے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر صحافیوں کو سویٹ ہوم اسلام آباد کا دورہ کراتے ہوئے ننھے فرشتوں اور پریوں سے بھی ملاقات کرائی گئی، پاکستان سویٹ ہومز کے سرپرست اعلیٰ زمرد خان نے کہا کہ 2009 میں صرف ایک ننھے فرشتے سے سویٹ ہوم کا آغاز کیا گیا اور اب ملک بھر میں پاکستان سویٹ ہومز میں 3500 کے قریب ننھے فرشتے اور پریاں ہیں جنھیں بہترین تعلیم اور رہائش فراہم کی جارہی ہے اور اب بھی ملک بھر میں بڑی تعدادمیں بچے ویٹنگ لسٹ پرہیں ہم سب نے باہم مل کر ان ننھے فرشتوں کا مستقبل محفوظ بنانا ہے۔
پاکستان سویٹ ہومز پورے ملک میں ہر اس بچے تک پہنچے گا جس کے والدین اس دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں۔ زمرد خان نے کہا کہ 23 مارچ کوسویٹ ہو مزکے زیر اہتمام اس عزم کیساتھ منایا جائیگا کہ ہم زندہ قوم ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ سمیت پاکستان میں دیگر ممالک کے سفیروں کو بھی فیسٹیول سمیت سویٹ ہومز میں مدعو کر کے ان ننھے فرشتوں سے ملاقات کرائی جائے گی۔