اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی نئی رپورٹ پیش کردی گئی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک بھرمیں 19 ہزار 789 آپریشنز کیے گئے، جس کے دوران 19 ہزار 272 مشتبہ افراد گرفتار ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی ایجنسیوں نے پنجاب میں 11 ہزار 634 ،سندھ میں 3 ہزار3 ،خیبرپختونخوامیں 3 ہزار 733 ،بلوچستان میں 57 ،اسلام آباد میں 368 ،آزادجموں کشمیر میں 891 ، گلگت بلتستان میں 35 جبکہ فاٹا میں 68 آپریشنز کیے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب سے 2 ہزار 255 ،سندھ سے 3ہزار552 ،خیبرپختونخواسے 9 ہزار 400 ،بلوچستان سے 3 ہزار 297 ،اسلام آبادسے615 اور فاٹا سے 136 افراد جبکہ آزادجموں کشمیر سے7 اور گلگت بلتستان سے 10 افراد گرفتار کیے گئے۔
لاوڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر 2ہزار 497 افراد کو گرفتار کیا گیا گئے، جبکہ اشتعال انگیزتقاریر کے الزام میں 580 کیسزرجسٹرڈہوئے اور518 افراد گرفتار کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 2 ماہ کے دوران 5 ہزار 66 افغان مہاجرین کو وطن واپس بھجوایا گیا، اس دوران 3 لاکھ 27 ہزار سے زائد افغان مہاجرین کو رجسٹرڈ کیا گیا۔ حوالہ و ہنڈی کے ذریعے رقوم بھجوانے کے 23 کیسز رجسٹر ہوئے اور 26 افراد گرفتار کیے گئے جبکہ منی لانڈرنگ میں اب تک 5 کیسز رجسٹرڈ کیے جا چکے ہیں۔