دبئی (جیوڈیسک) حالیہ دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت اور مقبولیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں لیکن سماجی رابطوں کی تمام ویب سائٹس پر مغربی ممالک کی اجارہ داری سمجھی جاتی ہے اس لئے چند مسلم تاجروں نے’’مسلم فیس‘‘ کے نام سے سماجی رابطوں کی متبادل ویب سائٹ تیار کی ہے جسے جلد ہی لانچ کر دیا جائے گا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ’’مسلم فیس‘‘ کے بانی ارکان کا کہنا ہے کہ وہ ایک ایسا سوشل نیٹ ورکنگ فورم متعارف کرا رہے ہیں جس میں سچائی اور حقائق پر مبنی مواد کی اشاعت کے ساتھ ساتھ اسلام کے ضابطہ اخلاق اور اسلامی اقدار کی بھی پابندی کی جائے گی اور اس ویب سائٹ پر صارفین کو ایسا مواد پوسٹ یا پبلش کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جس سے مسلمانوں یا کسی بھی دوسرے مذہب سے تعلق رکھنے والوں کی دل آزاری کا اندیشہ ہو، اس سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ کو مکمل طور پر تیار ہونے کے بعد ابتدائی اور تجرباتی طور پر ایک ہزار صارفین کے لئے پیش کیا جائے گا تاکہ باضابطہ طور پر عالمی سطح پر پھیلانے سے قبل اس کی فنی رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔
بانی ارکان کا کہنا تھا کہ ویب سائٹ دنیا بھر کے مسلمانوں کے درمیان سماجی رابطے کو مضبوط بنانے کے لئے بنائی جارہی ہے لیکن اس سے غیر مسلم برادری سے بھی روابط بڑھانے میں مدد ملے گی اور اسے مسلمانوں کے علاوہ غیر مسلم صارفین بھی بآسانی استعمال کرسکیں گے جب کہ اسے انگریزی، فارسی، عربی اور اردو کے ساتھ بیک وقت کئی زبانوں میں لانچ کیا جائے گا۔