نئی دلی (جیوڈیسک) مقبضوضہ کمشیر میں حکومت بنانے کے لئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) اور حمکران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے درمیان جاری مذاکرات کے بعد اس بات کا امکان ہے پی ڈی پی کے مفتی محمد سعید مقبوضہ وادی کے وزیراعلیٰ اور بی جے پی کے نرمل سنگھ نائب وزیرِاعلیٰ ہوں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مفتی محمد سعید یکم مارچ کو اگلے 6 سال کے لیے مقبوضہ جموں و کشمیر کے وزیرِاعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جب کہ اس سے قبل وہ 2002 میں بھی کانگریس کی اتحادی حکومت میں 3 سال تک مقبوضہ وادی کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں۔
مقبوضہ وادی میں حکومت سازی کے لئے دونوں جماعتوں کے درمیان 7 ہفتوں سے جاری بات چیت کے بعد پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی بی جے پی کے صدر امیت شاہ سے بدھ کو ملاقات کریں گی جس کے بعد پی ڈی پی کے سرپرست اعلیٰ مفتی محمد سعید اور وزیرِاعظم نریندرا مودی کے درمیان ملاقات متوقع ہے۔
دونوں جماعتوں کے درمیان آرٹیکل 370 اور آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ (اے ایف ایس پی اے) پر بات چیت انتہائی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ ان معاملات پر دونوں جماعتوں کی رائےمختلف ہے جس کے باعث مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مذاکراتی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے نام نہاد انتخابات میں پی ڈی پی نے 28 جب کہ بی جے پی نے 25 نشستیں حاصل کی تھیں جب کہ ایوان میں کل نشستوں کی تعداد 87 ہے۔