گجرات: پر امن علماء دین کی ناجائز گرفتاریوں اور بلاجواز نظربندیوں کیخلاف ضلع بھر میں شدید غم وغصہ کا اظہار۔ علامہ راشد تنویر قادری اور صاحبزادہ فرید القمر سیالوی جیسے باعمل سنی علماء کی فوری رہائی کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع بھر کے خطباء علماء پیران عظام وکلاء اور دیگر عوامی حلقوں میں اس بات پر شدید اضطراب پایا جاتا ہے کہ حکومت وانتظامیہ دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کیخلاف پوری توجہ سے آپریشن کرنے کی بجائے پر امن سنی علماء کرام کو بلاجواز گرفتار اور نظر بند کرکے پر امن سنی عوام میں اشتعال پیدا کررہی ہے۔ اور حضرت غوث اعظم شیخ عبد القادر جیلانی رحمة اللہ علیہ کی کتاب غنیة الطالبین پر بھی پابندی لگادی گئی ہے، اور آپریش کا رخ فساد والوں کی بجائے میلاد والوں کی طرف پھیر دیا گیا ہے۔
جبکہ دوسری طرف امیر عالمی تنظیم اہلسنت حضرت پیر محمد افضل قادری، پیر جواد الرحمن نظامی سیفی و دیگر علماء نے ڈی سی او گجرات سے ملاقات کر کے مطالبہ کیا ہے کہ علامہ راشد تنویر قادری، صاحبزادہ فرید القمر سیالوی اور دیگر پر امن سنی علماء کو فوری رہا کیا جائے۔
جبکہ 25فروی کو لاہور میں ملک بھر کے سنی قائدین اور 26 فروری کو گجرات میں ضلع کی مذہبی قیادت اور اہم شخصیات کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مفتی عبد الغفور، علامہ تلاوت خان، علامہ قاضی مشتاق، مولانا خادم حسین، مفتی محمد عابد، مولانا مختار، حاجی محمد خان، مولانا عبد الرحمن، مولانا اصغر، قاری مبشر ودیگر نے کہا ہے کہ ہم علماء حق کی ناجائز گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان بنانیوالوں کے وارثین اور پاکستان کے محافظ علماء کی باعزت رہائیوں تک سراپا احتجاج رہیں گے۔ اور اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو جلد آئندہ کے متفقہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا۔