کینبرا (جیوڈیسک) زمبابوے سے میچ میں ریکارڈ ساز ڈبل سنچری اسکور کرنے والے کرس گیل پر قسمت بھی مہربانی رہی، وہ 3 مواقع پانے کے بعد یہ اعزاز حاصل کر پائے۔
زمبابوے کے خلاف پہلی ہی گیند پر کرس گیل کیخلاف ایل بی ڈبلیو کی زوردار اپیل مسترد ہوئی، ریویو بھی لیا گیا مگر تھرڈ امپائر نے گیند اسٹمپس کی جانب ہونے کے باوجود حیران کن طور پر فیلڈ امپائر کا فیصلہ برقرار رکھا۔
39 ویں اوور میں جب وہ 121 رنز پر تھے تب انھیں سکندر رضا نے کیچ کر کے خوشیاں منانا شروع کی ہی تھیں کہ امپائر کے پانیاگرا کی گیند کو نو قرار دینے سے رنگ میں بھنگ پڑگیا، اسی طرح فری ہٹ پر بھی وہ کیچ ہوئے مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ ناٹ آئوٹ 133 رنز بنانے والے سموئلز کا 27 رنز پر سکند رضا نے بیک ورڈ پوائنٹ پر کیچ ڈراپ کیا، مایوس بولر ٹینڈائی چتارا تھے۔