پیمراکیبل آپریٹروں کی من مانیاں ختم کرائے، قائمہ کمیٹی سینیٹ

kamil Ali Agha

kamil Ali Agha

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے سربراہ کامل علی آغا کا کہنا ہے کہ پیمرا کیبل آپریٹروں کی پسند ناپسند سے چینلوں کو بند کرنے یا جگہ تبدیل کرنے کی من مانیاں ختم کرائے۔

کامل علی آغا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کیبل آپریٹر کہیں طاقت اور کہیں مرضی سے جس چینل کو چاہیں تبدیل یا بند کردیتے ہیں، یہ سلسلہ بند کرایا جائے۔

قائم مقام چیئرمین پیمرا پرویز راٹھور نے بتایا کہ خلاف وزریوں پر 424 کیبل آپریٹروں کے لائسنس منسوخ اور 7 کروڑ جرمانے کیے گئے۔ اس کے علاوہ موبائل پر ٹی وی نشریات دکھانے کا لائسنس دے رہے ہیں۔

چیئرمین پیمرا کا کہنا تھا کہ بعض کیبل آپریٹر چینل مالکان سے پیسے لے کر ان کے چینل اگلے نمبروں پر چلاتے ہیں۔کمیٹی نے ہدایت کہ آئندہ کوئی کیبل آپریٹر ایسی حرکت کرے تو اس کا لائسنس منسوخ کردیاجائے۔ قائم مقام چیئرمین پیمرا نے کمیٹی کو مزید بتایا کہ حکومت نے 7 نئے چینلوں کو لائسنس کے اجرا کا فیصلہ کیا ہے۔

قائمہ کمیٹی نے میڈیا کے ضابطہ اخلاق کے نفاذ اور اطلاعات تک رسائی کے بل کی منظوری نہ ہونے پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور وزیراعظم کو شکایتی خط بھی لکھنے کا فیصلہ کیا۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کے نفاذ کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہونا چاہیے۔