لالہ موسیٰ (جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف ضلع گجرات کے سینئر راہنما ممبر صوبائی کونسل پنجاب نوازش علی شیخ ایڈووکیٹ نے لنڈا بازار میں آتشزدگی والی جگہ کا دورہ کیا، متاثرہ پٹھانوں کے مالی نقصان پر انتہائی افسوس کا اظہار، ارزمین خان کی قیادت میں پٹھانوں نے اپنے ہونے والے نقصانات اور پولیس کے رویے کے متعلق تحریک انصاف کے راہنما کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو ہمارا نقصان ہوا ہے اوپر سے پولیس نے ہمارے بھائیوں کو پکڑا ہوا ہے۔
اس موقع پر نوازش علی شیخ ایڈووکیٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پولیس خوامخواہ پاکستانی شہری پختونوں کو پکڑ رہی ہے جو کہ آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے باجوڑ ایجنسی سے آئے ہوئے پختون ہمارے بھائی ہیں جن کے پاس شناختی کارڈ بھی موجود ہیں جو یہاں محنت مزدوری کر کے اپنے خاندانوں کی کفالت کرتے ہیں ایسے حالات میں جبکہ انکی دوکانیں بھی جل کر خاک ہو گئی ہیں۔
حکومت کو چاہیے کہ لنڈا بازار میں آگ لگنے سے نقصان ہونے والوں کی داد رسی کرتے ہوئے ان کے نقصان کا ازالہ کرتے ہوئے ان کی مالی امداد کی جائے انہوں نے تمام پختونوں کو یقین دہانی کرائی کے انکو در پیش مسائل کے حوالے سے بھرپور آواز اٹھائیں گے۔