افغان باشندوں کو قومی شناختی کارڈ کے اجرا پر چالیس نادرا اہلکار معطل

Afghan People

Afghan People

پشاور (جیوڈیسک) نادرا خیبر پختونخوا نے افغان جنگ کے دوران مشہور ہونے والی افغان خاتون اور دیگر افغانیوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے پر چالیس سے زائد اہلکار معطل کر دیئے۔

نادرا کی جانب سے افغان روس کی جنگ کے دوران مشہور ہونے والی خاتون شربت گلہ عرف مونالیزا اور اس کے دو بیٹوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کئے گئے تھے۔ شربت گلہ کو 17 اپریل 2014ء کو قومی شناختی کارڈ جاری کیا گیا تھا جو میڈیا پر خبریں آنے کے بعد منسوخ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نادرا کی جانب سے شربت گلہ کے علاوہ بھی متعدد افغانیوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔ سکینڈل سامنے آنے کے بعد نادرا سنٹر حیات آباد کی انچارج پلوشہ آفریدی سمیت چالیس سے زائد اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے نادرا حکام کا اعلیٰ سطحی اجلاس بھی جاری ہے اور اس معاملے کی مزید تحقیقات کرائی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ کی جانب سے صوبے کے تمام اضلاع کے کمشنرز اور پولیس حکام کو افغان پیش اماموں کے خلاف کریک ڈاون کا حکم دیا گیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق افغان پیش اماموں کو سات دن کے اندر بے دخل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔