ڈنیڈن (جیوڈیسک) ورلڈ کپ کرکٹ کے ایک میچ میں افغانستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد اسکاٹ لینڈ کو ایک وکٹ سے ہرا دیا۔ ایونٹ میں افغانستان کی یہ پہلی کامیابی ہے۔ ڈنیڈن میں کھیلے گئے پول اے کے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 210 رنز بنائے۔ میٹ مکان اور ماجد حق 30،30 جبکہ ایونز 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
افغانستان کی طرف سے شاپور زردان نے 4 اور دولت زردان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں افغانستان نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 211 رنز کا ہدف آخری اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سمیع اللہ شنواری نے 96اور جاوید احمدی نے 51 رنز بنائے۔ اسکاٹ لینڈ کی طرف بیرنگٹن نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سمیع اللہ شنواری کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔