برسبن (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر معین خان ای کے 608 کے ذریعے کراچی پہنچے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ معین خان کا چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا امکان ہے جبکہ دوسری جانب معین خان کے خلاف جوئے کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی گئی ہے۔
واضع رہے کہ گزشتہ روز معین خان نے جوا خانے جانے کی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈنر کے لئے جوا خانے کا انتخاب ان کی غلطی تھی جس کے لئے وہ پاکستانی عوام سے معافی کے طلبگار ہیں۔
معین خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ کرائسٹ چرچ کے کسینو میں رات کے کھانے پر گئے تھے۔ وہ یہ محسوس کرتے ہیں کہ ڈنر کے لئے جگہ کا انتخاب کرنے میں انہوں نے غلطی کر لی کیونکہ اس سے پاکستانی عوام اور کرکٹ کے شائقین کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔ اپنی اس نادانستہ حرکت پر وہ شرمندہ ہیں۔